Subscribe Us

Header Ads

آخری قطار میں گایا ہوا گیت🔴تنویر انجم کی سات نظمیں "موت ڈاٹ کام مالیگاوں* بلاگ پہ تھکن میری حقیقت ہے نیند میری ضرورت ہے تمہاری خواہش میری مجبوری ہے

تنویر انجم 


 آخری قطار میں گایا ہوا گیت


تھکن میری حقیقت ہے

نیند میری ضرورت ہے

تمہاری خواہش میری مجبوری ہے


حقیقت کو تسلیم کرنے سے پہلے

ضرورت کو پورا کرنے سے پہلے

مجبوری کو زیر کرنے سے پہلے 

میرے پاس

 اک مصروف دن اور تھوڑی سی نیند کے درمیان

اک چھوٹا سا وقفہ ہے

اور تمہارے خیال سے اک طویل مکالمہ


میری زندگی میں جتنا وقت ہے

وہ اس مکالمے کو پورا کرنے کے لئے کم ہے

تمہاری زندگی میں جتنا وقت ہے

وہ میرے انتظار کے لئے بہت زیادہ ہے


میرے پاس جتنی فتوحات ہیں

ان سے دل کی سلطنت بھی نہیں بنائی جا سکتی

تمہارے پاس جتنی طاقت ہے

اس سے تمہارے نام پر ایک شہر بسایا جا سکتا ہے۔

سید افضال اور تنویر انجم زندگی کے سفر میں ایک قہقہہ 

منفرد انداز کی تازہ نظموں کا مجموعہ 


میں اپنی حقیقت کو تسلیم کر لوں گی

اپنی ضرورت کو پورا کرلوں گی

اپنی مجبوری کو زیر کر لوں گی

اور جب تمہارے نام پر بسنے والے شہر میں 

کوئی جشن منایا جائے گا

میں ایک ہجوم کی آخری قطارمیں کھڑے ہو کر 

بہت سے لوگوں کے ساتھ

ایک گیت گاؤں گی

جو جشن کے دوسرے دن بھلا دیا جائے گا


جان کے عوض


بچہ لالٹین کی روشنی میں پڑھ رہا ہے

بوڑھا اپنی دعائیں بانٹ رہا ہے

مجھے تمہارے الزام پر اپنی صفائی پیش کرنا ہے


کوئی کہتا ہے

الفاظ میری گرفت سے باہر ہیں

سوچ میری گرفت سے باہر ہے

دل میری گرفت سے باہر ہے

کوئی کہتا ہے

میری نگاہیں دیوانی معلوم ہوتی ہے

اپنی صفائی پیش کرنا میرے بس سے باہر ہے


مجھ پر گہرے سمندر میں تیرنے کا الزام ہے

مجھ پر گھنے جنگل میں راستہ ڈھونڈنے کا الزام ہے

مجھ پر کڑی دھوپ میں جان دینے کا الزام ہے


بچہ آج کا سبق پڑھ چکا ہے

بوڑھا اپنی دعائیں بانٹ چکا ہے

تم الزام لگا کر کس انتظار میں ہو


بچے کی لالٹین بجھائی نہیں جا سکتی

بوڑھے کی دعائیں چرائی نہیں جا سکتیں

میں اپنے الفاظ 

اپنی جان کے عوض

بیچ نہیں سکتی


نینسی


صحرا میں جہاں کیکٹس کے درخت زیادہ ہیں

اس نے ایک سائبان اور ایک بینچ بنائی ہے

جس پر نینسی آرام سے اس کی آغوش میں 

لیٹ یا بیٹھ سکتی ہے

پورے چاند کی رات میں

نینسی اس سے ملنے ضرور آتی ہے

اوراسی بینچ پر

اس کے کاندھے پر سر رکھ کر

 اس سے باتیں کر تی ہے

یا وہ خاموشی سے

چاند، صحرا اور کیکٹس کے درختوں کو دیکھتے رہتے ہیں

اس دوران وہ اپنا دایاں ہاتھ

نینسی کی کمر کے گرد ڈالے رہتا ہے

اگر نینسی کو نیند آجاتی ہے

وہ بالکل ساکت ہو جاتا ہے

تاکہ وہ جتنی دیر سوسکتی ہے

سوتی رہے


نینسی🛑

جوپیٹر کی بیوی

اور ڈگلس کی بہن ہے

اور پورے چاند کی رات میں 

انہیں دھوکا دے کر اس سے ملتی ہے

اگر کسی رات بینچ پر 

دیر تک سوتی رہ جائے

وہ تیز رفتار گاڑی اور شکاری بندوق کے ساتھ

نینسی کو ڈھونڈتے ہوئے آجاتے ہیں

اور اسے اکیلا سوتا ہوا پا کر

گاڑی میں ڈال کر لے جاتے ہیں


زندگی میرے پیروں سے لپٹ جائے گی


کوئی ایسی لڑکی

جو اپنے نام کے ساتھ

میری طرح

باپ یا شوہر کا نام نہ لگاتی ہو

مجھے بچا لے گی

جیسے کہ نیلوفرالماس، نیلوفرعباس اور نیلوفرالیاس میں سے

نیلوفرالماس


پھرتیلی اور ہوشیار نیلوفرالماس

سودا سلف لانے میں

کھانا پکانے میں

استری کرنے میں

اور جوتے صاف کرنے میں

میرے ساتھ ساتھ رہ کر

مجھے نڈھال ہو کر گرنے سے روکے گی


ایک اچھی استاد، نیلوفرالماس

تمھارے بے کار فرسودہ باتیں کرنے والے اساتذہ کے برعکس

مجھے ایک کارآمد ہنر سکھا کر

زندہ رہنے کے قابل کر دے گی


جب تم گھر کی ویرانی سے بیزار رہوگے

میں نیلوفرالماس سے

جو ایک اچھی فوٹو گرافر اور اچھی پینٹر ہے

بہت سی تصویریں تیار کروا کے

ایک خالی گھر کی دیواریں سجائوں گی


نیند نہ آنے پر

جب تم ویلیم کی ضرورت سے زیادہ گولیاں کھا کر

سونے کی کوشش کرو گے

ایک اچھی فنکار، نیلوفرالماس

مجھے آرام سے سلانے کے لیے

ایک خوبصورت ڈراما فوری طور پر تیار کرے گی


انسان نے ابھی مریخ پر جانا شروع نہیں کیا

ورنہ نیلوفرالماس کے لیے

یہ کوئی بڑی بات نہ ہوتی

کہ وہ خلا بازی سیکھ کر

اس زمین کے بعد

مجھے مریخ کی بھی سیر کراتی

جبکہ تم اپنا نام ایکزٹ کنٹرول لسٹ میں خود لکھواتے


نیلوفرالماس ایک اچھی ڈاکٹر ہے

وہ میرے دل کے دورے کو

تمھارے دل کے د ورے سے کم خطرناک بنادے گی


نیلوفر الماس کو وکالت سے عشق ہے

اور منصفی سے بھی

وہ میرا مضبوط کیس صحیح طور پر پیش کرکے 

اور انصاف کرکے

یہ ثابت کر دے گی

کہ تمھارے خون میں شامل زہر کی مہلک مقدار

میرے خون میں زہر کی مقدار سے زیادہ ہونے میں

میرا قصور قطعی نہیں ہے


اور جب تم مجھے

دوسری دنیا سے آواز دو گے

تو نیلو فرالماس

میری اور اپنی رنگار رنگ زندگی کی خاطر

میرے پیروں سے لپٹ جائے گی


ایک ٹریپیز پر🔴


ہم تین لڑکیاں

یا شاید چار

ایک ٹریپیز پر


ایک تماشے سے پہلے ہی پیچھے ہٹ گئی

یا شاید دو،

ایک بلندی سے گر کر پاش پاش ہوئی

یا شاید ایک سے زیادہ


اور میں آخری

ٹریپیز کے لیے

میں نے اپنی تربیت بہت خوب کی


میں نے خود کو سکھایا

نزدیک کی چیزوں کو دور کر دینا

دور کی چیزوں کو پاس لے آنا

اور سانس روک لینا


میں نے خود کو سکھایا

خود کو بھولنا

اور تماشائیوں کو بھی

اور اپنی بھوک کو

اور اپنی پیاس کو

اور اپنے جسم کو


میں نے خود کو سکھایا

ایک ٹریپیز پر کامیابی کے لیے

کم زندہ رہنا

اور شکریہ کہنا

تالیاں بجاتے تماشائیوں سے

اور دور کر دینا ان کی مایوسی

جو مجھے بلندی سے گرتا دیکھنے کی امید لے کر آئے تھے


خوش قسمتی کا شگن


خوش قسمتی کا شگن

اپنے نومولود کے ہاتھ پر رکھیے

کیا کیا چھپا ہے آپ کی الماری میں


ایک گہری خاموشی

بیش بہا غم

بے تحاشا آنسو

کھویا ہوا دل

مرنے کی تمنا


یا اک دیوانہ غصہ

بپھری ہوئی لہریں

آگ بھری بارش

تیز دھاری خنجر

دشمنوں کے سر


یا بھاگا ہوا وقت

ہاتھوں سے گری خوشبو

خوابوں کے انگارے

کھوئے ہوئے رستے

زنگ آلود درانتی


بے کار جگہ گھیرے

یہ سارا خزانہ کام کا نہیں

خوش قسمتی کا شگن

اپنے نومولود کے ہاتھ کے لیے

کہیں سے لائیے

اپنی خاک میں بے اندازہ خوشی

یا کئی لاکھ ڈالر


کچھ انتظار کر لو


یہ تھوڑا مشکل ہے

پرہاتھ کو اٹھائو

آنکھوں تک لے جائو

اور آنسو پونچھ لو


دل کے درد کو

کم کرنے کے لیے

کچھ تیاری کرو

سب سے اچھے کپڑے پہن کر دیکھو

کچھ میک اپ کرو

گھر سے باہر نکلو

لوگوں سے ملو

اور کچھ بے کارکی باتیں کرکے دیکھو

یا تنہا ہوٹل میں

سب سے اچھی ڈش پر

سارے باقی پیسے خرچ کرکے دیکھو

پھر جب گھر کو لوٹو

اور اکیلے بیٹھو

تو ہاتھ کو اٹھائو

آنکھوں تک لے جائو

اور آنسو پونچھ لو


یا تھوڑا ٹھہر جائو

دل کے درد کو

کم کرنے کے لیے

آنسو بہنے دو

کچھ انتظار کر لو

بیس برس تک

پھر ہاتھ کو اٹھائو

آنکھوں تک لے جائو

اور آنسو پونچھ لو




گڑییں،پریاں، شہزادیاں


ایک ننھی منی گڑیا ناراض ہوتی ہے

جب میں اسے ننھی منی گڑیا کہہ کر بلاتی ہوں


ایک اچھی پری شرمندہ ہوتی ہے

جب میں بے دھیانی میں

سب کے سامنے

اسے اچھی پری کہہ بیٹھتی ہوں


ایک چھوٹی سی شہزادی غصہ کرتی ہے

جب میں اس کی بار بار دی ہوئی ہدایت

بھول جاتی ہوں

اور اس کے گلے میں بانہیں ڈال کر

پھر کہتی ہوں

میری چھوٹی سی شہزادی


ہمارے ننھے بیٹے

بیٹیوں کے برعکس

پسند نہیں کرتے

جنس کی تبدیلی

اور مائوں سے کہلانا

ننھی منی گڑیا

ایک اچھی پری

چھوٹی سی شہزادی

Post a Comment

0 Comments