Subscribe Us

Header Ads

فرحان حنیف وارثی کی ہینگر میں ٹنگی چھ نظمیں "موت ڈاٹ کام مالیگاوں" بلاگ پہ خصوصی پیشکش سنڈے اسپیشل ‏

فرحان حنیف وارثی کی ہینگر  میں   ٹنگی چھ نظمیں  "موت ڈاٹ کام مالیگاوں" بلاگ پہ خصوصی پیشکش سنڈے اسپیشل 
     ______اسپرنگ ___
اسپرنگ 
اپنی

 آخری حد تک
دب چُکا
اور جونہی
ہاتھوں کی گرفت ڈھیلی ہوئی
اُچھل کر
چہرہ لہولہان کرگیا
🔴🔴🔴


مونا لیزا

تم کون تھیں؟
کیا تھیں؟؟
کب تھیں؟؟؟
مجھے کچھ نہیں معلوم
ان کو بھی کچھ نہیں معلوم
جو بھاری قیمتیں دے کر
تمھیں مجھ سے خریدتے ہیں
تم کیا واقعی بہت خوبصورت ہو؟
لیکن تمھارا شکریہ
کہ 
تمھارے ذریعے
مجھے
دو وقت کی روٹی ملتی ہے
🔴🔴🔴
_____پانی⚫

زندہ رہنے کے لیے
سانسوں کی طرح
پانی بھی ضروری ہے

پانی سے تم 
اپنی پیاس بجھاتے ہو
کھانا پکاتے ہو
کپڑے دھوتے ہو
بدن کا میل صاف کرتے ہو
کھیتی باڑی کرتے ہو
مکان بناتے ہو
بجلی پیدا کرتے ہو

یہ پانی
مددگار ہے
اور بے حد سفاک بھی
اگر ناراض ہوجائے
تو بستی کی بستی اجاڑ دیتا ہے
یہی پانی
 ہے
یہی پانی
 حیات ہے 
         🔴🔴🔴
    ______وقت کے اُس پار

مجھے محسوس ہورہا ہے
وقت بہہ رہا ہے
وقت گہرا ہے
وقت کا پاٹ بہت چوڑا ہے
میں اُسے اپنی مٹھی میں بند کرنا چاہتا ہوں
میں اُس پار جانا چاہتا ہوں
لیکن کوئی کشتی نہیں
اور میں تیرنا نہیں جانتا
🔴🔴🔴
ایک نظم_______

ایک بادل کے ہاتھ میں
ایک کالی لالٹین ہے
ایک بادل کا ہاتھ خالی ہے

ایک چڑیا اُڑ رہی ہے
آسمان اور بادل کے نیچے
ایک پھول ہے اس کی چونچ میں

ایک نوجوان اداس ہے
ایک نغمہ سنتے ہوئے
ترکِ تعلق والی محبوبہ کی یاد میں

ایک آنسو گرنے سے پہلے
ایک آنسو دل میں بوتا ہے
ایک آنسو گرنےکے بعد
ایک آنسو اُگتا ہے

ایک نظم کی خودکشی کے لیے
ایک حُزنیہ نظم کافی ہے
میری ایک آنکھ میں
اب ایک ہی آنسو
ٹپک پڑنے کے لیے مضطرب ہے

Post a Comment

0 Comments